جامعہ محمدیہ عظیم آباد کالونی میںتکنیکی تعلیم کا افتتاح

جامعہ محمدیہ عظیم آباد کالونی میںتکنیکی تعلیم کا افتتاح
 فنی تعلیم یافتہ کبھی بے روزگار نہیں رہ سکتا: ڈاکٹرقیصرالنبی،دینی اور عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم بھی ضروری ہے: مولانا ثناءاللہ ندوی ازہری
پٹنہ:جامعہ محمدیہ عظیم آباد کالونی میں تکنیکی تعلیم کا افتتاح کیا گیا۔اس موقع پرڈاکٹر قیصرالنبی نے کہا کہ بچے ملک و ملت کا مستقبل ہوتے ہیں، جو دماغی و جسمانی لحاظ سے زیادہ مضبوط ہوتے ہیں۔ ہمت ،جذبہ، ذہانت، قوت ودیگر صلاحیتیں ان میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوتی ہیں۔آج کے سائنسی و ترقی یافتہ دور میں ان ممالک کی معیشت پروان چڑھی ہے، جنہوں نے ٹیکنیکل ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دی۔ اسی لیے ماہرین ،فنی تعلیم کو کسی بھی ملک کے معاشی استحکام کا ضامن قرار دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم یافتہ کبھی بے روزگار نہیں رہ سکتا، مدارس کے طلبا کو دینی، عصری اور فنی تعلیم سے بھی آراستہ ہونا ضروری ہے۔
مسٹر قیصرالنبی نے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی کا دور ہے ،اس دور کی سب سے بڑی ضرورت دینی تعلیم کے ساتھ فنی مہارت اور صنعتی پیشہ وارانہ تعلیم ہے ۔مجھے خوشی ہے کہ جامعہ محمدیہ نے فنی تعلیم کی طرف توجہ دی اورآج باضابطہ اس کا افتتاح عمل میں آیا۔
 جامعہ کے مہتمم اور جامع مسجد پیر بہوڑ کے امام وخطیب مولانا ثناءاللہ ندوی ازہری نےکہا کہ دینی اور عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم بھی ضروری ہے، اس لئے ضرورت اس بات ہے کہ مدارس اسلامیہ کے طلبا کوبھی کمپیوٹر کی تعلیم سے آراستہ کیا جائے ، تاکہ جب وہ میدان عمل میں قدم رکھیں تو احساس کمتری کا شکار نہ ہوں۔انہوں نے انجینئرمحمد اسلم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بچوں کی تعلیم کے لیے لیپ ٹاپ عطیہ کرکے ادارہ اور طالبان علوم نبوت سے بےپناہ محبت اور شفقت کا اظہار کیا ہے، جو ان کے لیے یقینی طور سے صدقۂ جاریہ ہے۔
انجینئر محمد اسلم نے کہا کہ مجھے بہت پہلے سے خواہش تھی کہ مدارس کے بچےدینی وعصری تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم بھی سے آراستہ ہوں ، ان کے ایک ہاتھ میںقرآن اور دوسرے ہاتھ میں کمپیوٹر ہو،تاکہ انہیں مستقبل میں کسی طرح کی پریشانیوں سے دوچار نہ ہونا پڑے اوروہ تمام شعبہ ہائے حیات میں دوسرے لوگوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑا ہوسکے۔تکنیکی تعلیم کا باضابطہ افتتاح جامعہ محمدیہ کے صدر مدرس اور بزرگ عالم دین مولانا عبدالجبار قاسمی کے ہاتھوں عمل میںآیا۔ اس موقع پر جامعہ کے ناظم تعلیمات مولانا قاری فخرالدین قاسمی، مولانا نعمت اللہ نعمانی، مولانا قاری شمیم اخترندوی،کائنات مسرت کےعلاوہ طلبا کی بڑی تعداد موجود تھی۔

E - Paper